پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور سینیٹر مشعال یوسفزائی نے پارٹی کے گروپس چھوڑ دیے ہیں۔
گزشتہ چند روز سے ان کی جانب سے پارٹی قیادت پر تنقید بھی کی جا رہی تھی، جبکہ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔مشعال یوسفزائی نے تصدیق کی کہ انہوں نے پارٹی کے گروپس خود چھوڑے ہیں۔ انہوں نے پارٹی قیادت کی حکمت عملی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کی ناکامی پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی جا رہی۔مشعال یوسفزائی کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی بہنیں جیل میں ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی قید ہیں، لیکن ان کی رہائی کے لیے کوئی لائحہ عمل سامنے نہیں آ رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات بھی نہیں ہو پا رہی۔ ان کے مطابق پارٹی قیادت کو چاہیے کہ وہ اس صورتِ حال سے نمٹنے اور رہنماؤں و اہلِ خانہ کی رہائی کے لیے جلد کوئی واضح حکمت عملی تیار کرے۔مشعال یوسفزائی کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پارٹی کے اندر لانگ مارچ کی ناکامی، قیادت کی حکمت عملی اور بانی چیئرمین سے ملاقات نہ ہونے جیسے معاملات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔