سینیئر سول جج شرقی کی عدالت میں کورنگی صنعتی ایریا میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر جاں بحق شخص کی بیوہ نے ٹینکر مالک اور ڈرائیور کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت 13 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، جبکہ کیس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔وکیل کے مطابق مارچ 2026 میں چمرا چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی زد میں آ کر نوجوان طلحہ ظہیر جاں بحق ہو گیا تھا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق موت حادثے میں لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث ہوئی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متوفی اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا اور اس کی وفات کے بعد اہل خانہ کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ قانون کے مطابق ٹینکر مالک اور ڈرائیور کو معاوضہ ادا کرنے کا پابند کیا جائے۔