راولپنڈی میں ڈمپر کی ٹکر، موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر جاں بحق، واقعے کی ویڈیو منظرعام پر

راولپنڈی میں ڈمپر کی ٹکر، موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر جاں بحق، واقعے کی ویڈیو منظرعام پر

کامرہ کے قریب نیشنل ہائی وے پر ڈیوٹی کے دوران نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر جاوید اکبر ڈمپر کی ٹکر سے شہید ہو گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود سب انسپکٹر کو ایک ڈمپر ٹکر مارتا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بعض صارفین کی جانب سے اس حوالے سے مختلف دعوے کیے جا رہے ہیں۔ تاہم واقعے کی نوعیت کا حتمی تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔حادثے کے بعد دیگر موٹروے پولیس اہلکاروں کو ڈمپر کے پیچھے جاتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ جائے وقوعہ پر ایک اور ڈمپر بھی موجود تھا۔موٹروے پولیس کے مطابق زخمی افسر کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال حضرو منتقل کیا گیا، تاہم سب انسپکٹر جاوید اکبر دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ گاڑی میں موجود ایک ہیلپر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈمپر ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپروائی کے باعث پیش آیا۔ شہید سب انسپکٹر جاوید اکبر کا تعلق مردان سے تھا۔ وہ اپنے سوگواران میں اہلیہ اور پانچ بچوں کو چھوڑ گئے۔انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، سلطان احمد چودھری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔