کمشنر کا زیر التوا مقدمات کے جلد فیصلوں، معیاری تفتیش اور موثر پیروی پر زور
ساہیوال (خصوصی رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل پرفارمنس ریویو کمیٹی کا اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن اضلاع میں پراسیکیوشن کی کارکردگی، مقدمات کی پیروی، چالانوں کی بروقت تکمیل، زیر التوا کیسز اور عدالتی فیصلوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2026 کے دوران ساہیوال ڈویژن میں 3 ہزار 724 ایف آئی آرز درج ہوئیں، جبکہ 3 ہزار 313 چالان عدالتوں میں جمع کروائے گئے۔ یکم جنوری سے 30 جون 2026 تک مجموعی طور پر 25 ہزار 216 مقدمات کے مقابلے میں 24 ہزار 665 چالان عدالتوں میں پیش کیے گئے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ناقص تفتیش کے متعدد مقدمات میں متعلقہ تفتیشی افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ ڈویژن بھر کی عدالتوں میں 20 ہزار 465 مقدمات زیر سماعت ہیں۔