کیا عدالتی حکم پر عملدرآمد ہو گیا ؟یہ کیس ایک کاز کیلئے دائر کیا گیا :لاہور ہائیکورٹ
لاہور (اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ نے ای چالان اور بھاری جرمانوں کے خلاف درخواست گزار کو تمام ٹریفک چالان جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت عیدکی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ایڈووکیٹ میاں محمد داؤد کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ کیا عدالتی حکم پر عملدرآمد ہو گیا ؟یہ کیس ایک کاز کیلئے دائر کیا گیا ہے،درخواست گزار خود کلیئر ہو کر عدالت کے سامنے آئے۔اس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کچھ ٹریفک چالان جمع کرا دیئے گئے ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات کا اندراج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جبکہ یکطرفہ بھاری جرمانے آئین اور شفاف ٹرائل کے تقاضوں سے بھی متصادم ہیں۔