چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو خصوصی ہدایات جاری کی تھیں جس پر انہوں نے پراسیکیوشن آفس میں کمپلینٹ سیل قائم کردیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پراسیکیوٹرجنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے رواں برس کے پہلے 3 ماہ میں 345 سائلین کی درخواستوں پر 332 مقدمات کے چالان عدالتوں میں بھجوادیئے۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے پنجاب میں تمام مقدمات کے چالان فوری عدالتوں میں بھجوانے کا حکم دیا اور اس حوالے سے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی تھیں جس کے بعد پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے پراسیکیوشن آفس میں کمپلینٹ سیل قائم کردیا۔پراسیکیوشن آفس کے کمپلینٹ سیل کے مطابق تفتیشی افسروں کی جانب سے مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع نہ کروانے سے متعلق شکایات کے انبار لگ گئے جس کے بعد پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے سائلین کی دادرسی کے لیے متعلقہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز کو بھی خصوصی احکامات جاری کیے جبکہ مقدمات کے چالان عدالتوں کو نہ بھجوانے پرتفیتشی افسران سے باز پرس بھی کی اور ان کی نااہلی سے متعلق آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی کو مراسلے بھی ارسال کیے۔