ماجد ستی قتل کیس : فرخ کھوکھر کو عمر قید کی سزا

مجرم فرخ کھوکھر ضمانت پر تھا،گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا 
اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ماجد ستی قتل کیس میں مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو عمر قید کی سزا سنا دی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج افشاں اعجاز صوفی نیماجد ستی قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پرفرخ کھوکھرسمیت تین مجرمان کو عمر قید کی سزا سنا دی،عدالت نیتینوں کو دس دس لاکھ روپے جرمانے کی سزابھی سنائی ، جبکہ ایک ملزم وسیم کو بری کردیا۔ سزا سنائے جانے کے بعدفرخ کھوکھر سمیت کمرہ عدالت میں موجود تینوں مجرموں کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا، مجرم فرخ کھوکھر ضمانت پر تھا، جبکہ باقی دومجرموں حیدرعلی اورامیرحمزہ کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا تھا، عدالت نے سخت ترین سکیورٹی حصار میں فرخ کھوکھر کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ فیصلہ سنائے جانے کیوقت مقتول کے ورثا اور لواحقین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی، فرخ کھوکھر سمیت شریک مجرموں کے حمایتیوں کی بڑی تعداد بھی جوڈیشل کمپلیکس پہنچی تھی، امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، ماجد ستی کو 8 اگست 2022 کو راولپنڈی کے علاقے سکستھ روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ماجد ستی قتل کیس کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج ہے ، مقتول ماجد ستی کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا اورپلاٹ پر قبضہ روکنے پرماجد ستی کو قتل کیا گیا، فرخ کھوکھر پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہوگئے تھے۔