اتوار کو ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ہاف ٹائم معمول سے زیادہ طویل ہونے کا امکان ہے، کیونکہ اس دوران سپر باؤل طرز کا ایک خصوصی میوزیکل شو پیش کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ہاف ٹائم 20 سے 25 منٹ تک جاری رہ سکتا ہے، جبکہ میوزیکل شو کی مدت تقریباً 11 منٹ ہوگی۔اطلاعات کے مطابق اس خصوصی شو میں میڈونا، شکیرا، جسٹن بیبر اور جنوبی کوریا کے معروف کے-پاپ گروپ بی ٹی ایس سمیت متعدد عالمی فنکار پرفارم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ برنا بوائے، گستاوو دودامل، پی ایس 22 کورس اور کولڈ پلے کے کرس مارٹن کی شرکت کی بھی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق فیفا کے زیر غور ایک تجویز یہ بھی ہے کہ پہلے روایتی 15 منٹ کا ہاف ٹائم رکھا جائے، جس کے بعد میوزیکل شو پیش کیا جائے۔ تاہم، انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن بورڈ (آئی ایف اے بی) کے قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کے لیے ہاف ٹائم کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 15 منٹ مقرر ہے۔
گزشتہ سال نیو جرسی میں ہونے والے کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی کولڈ پلے، جے بالون، دوجا کیٹ، ٹیمز اور ایمانوئل کیلی کی پرفارمنس کے باعث ہاف ٹائم تقریباً 24 منٹ تک جاری رہا تھا۔رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب فائنل میچ کے آغاز سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ قبل منعقد کی جائے گی۔نوٹ: مذکورہ فنکاروں کی شرکت اور ہاف ٹائم کے حتمی دورانیے سے متعلق اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم فیفا کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔