2026ء کے فیفا ورلڈ کپ سے واپسی پر ناروے کے اسٹار فٹبالر ایرلنگ ہالینڈ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، تاہم اس بار وجہ ان کی شاندار گول اسکورنگ نہیں بلکہ ان کی ایک منفرد خریداری ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوسلو ایئرپورٹ پہنچنے پر ایرلنگ ہالینڈ کے ہاتھ میں ایک ٹیکسڈرمی (مردہ جانور کو محفوظ رکھنے کا عمل) کیا ہوا جنگلی جانور ریکون دیکھا گیا، جس کی قیمت تقریباً 750 امریکی ڈالرز بتائی جا رہی ہے۔ہالینڈ نے اس منفرد یادگار کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور مختصر پیغام لکھا کہ "یہ میرے ساتھ گھر آ گیا ہے"، جس کے بعد یہ چیز مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔رپورٹس کے مطابق اس ریکون کی کہانی عالمی کپ کے دوران امریکا کے شہر ٹیکساس سے شروع ہوئی۔ ناروے کی ٹیم کے قیام کے دوران ہالینڈ نے ڈلاس کی ایک مغربی ثقافت سے متعلق دکان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کاؤ بوائے ہیٹ، چمڑے کے جوتے اور ایک شرٹ خریدی۔اسی دکان میں موجود منفرد ٹیکسڈرمی اشیاء میں ایک ایسا ریکون بھی موجود تھا جو ہاتھ میں شراب کی بوتل پکڑے ہوئے تھا۔ ہالینڈ کو یہ چیز پسند آئی اور انہوں نے اسے خرید لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دکان کے مالکان نے ہالینڈ کے دورے کی تصاویر اپنی ویب سائٹ پر شیئر کیں، جس کے بعد اس ریکون کی مقبولیت میں اچانک اضافہ ہوگیا اور یہ آن لائن فروخت ہو گیا۔ہالینڈ کی وجہ سے دنیا بھر سے آنے والے آرڈرز میں اضافے کے بعد دکان نے بین الاقوامی ترسیل کے انتظامات بھی تیز کر دیے ہیں۔واضح رہے کہ ناروے کی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ناروے نے پری کوارٹر فائنل میں برازیل کو شکست دی، تاہم کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کے بعد اس کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔ایرلنگ ہالینڈ ٹورنامنٹ میں ناروے کے سب سے نمایاں کھلاڑی رہے اور انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے 7 گول اسکور کیے۔