پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل، حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل، حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 313 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 346 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 27 نومبر کے لیے رات 12 بجے سے ہوگا۔دوسری جانب جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 23 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار بڑھ کر 66 ہزار 669 بیرل ہوگئی، جو اس سے گزشتہ ہفتے کی 66 ہزار 471 بیرل یومیہ پیداوار کے مقابلے میں 198 بیرل یا 0.30 فیصد زیادہ ہے۔اعدادوشمار کے مطابق اسی عرصے کے دوران قدرتی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ گیس کی پیداوار 2 ہزار 866 ایم ایم سی ایف ڈی رہی، جو گزشتہ ہفتے کے 3 ہزار 9 ایم ایم سی ایف ڈی کے مقابلے میں 143 ایم ایم سی ایف ڈی یا 4.75 فیصد کم ہے۔

کمپنیوں کے لحاظ سے خام تیل کی پیداوار کے اعدادوشمار کے مطابق 23 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی اوسط یومیہ پیداوار 31 ہزار 961 بیرل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی 12 ہزار 12 بیرل، ماری انرجیز کی ایک ہزار 329 بیرل جبکہ پی او ایل کی 3 ہزار 965 بیرل ریکارڈ کی گئی۔قدرتی گیس کی پیداوار کے حوالے سے او جی ڈی سی ایل کی اوسط یومیہ پیداوار 575 ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل کی 574 ایم ایم سی ایف ڈی، ماری گیس کی 954 ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ پی یو ایل کی 54 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔