لاہور میں گھریلو ملازم بچے پر مبینہ تشدد کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آگیا، جہاں جوہر ٹاؤن کے ایچ تھری بلاک میں 11 سالہ گھریلو ملازم عبداللہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تشدد کے نتیجے میں بچے کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ جسم کے مختلف حصوں پر بھی گہری چوٹیں آئی ہیں۔متاثرہ بچے کے اہلخانہ کے مطابق جوہر ٹاؤن کے رہائشی حسین پر الزام ہے کہ اس نے اپنے گھر میں کام کرنے والے کم عمر ملازم عبداللہ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے بچہ شدید زخمی ہوگیا۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ تشدد کے باعث عبداللہ کی ٹانگ ٹوٹ گئی اور اسے جسم کے دیگر حصوں پر بھی چوٹیں آئیں۔ زخمی بچے کو علاج کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ گزشتہ 10 روز سے زیر علاج ہے۔
متاثرہ بچے کے لواحقین نے واقعے کا مقدمہ درج کروانے کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے، تاہم ان کا الزام ہے کہ درخواست دینے کے باوجود تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور مبینہ طور پر تشدد میں ملوث شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کم عمر بچے کو انصاف فراہم کیا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔