پاکستان کی قیادت چین کیساتھ مضبوط اور دیرینہ تعلقات پر یقین رکھتی ہے عطاء تارڑ

پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونا  باعثِ مسرت ‘سی پیک  منصوبہ پاکستان میں ترقی، خوشحالی اور اقتصادی استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے 
پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کریگا، چین کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی: تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے 75 سال مکمل ہونا دونوں ممالک کے لیے باعثِ مسرت ہے، جبکہ پاک چین تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔سی پیک کی تعمیر، 75 سالہ پاک چین دوستی اور گلوبل گورننس اقدامات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم پاک چین دوستی کا جشن منا رہی ہے اور پاکستان کی قیادت چین کے ساتھ مضبوط اور دیرینہ تعلقات پر مکمل یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی گہرے اور مضبوط روابط موجود ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور دوستی کو نئی بلندیوں تک لے گیا، جبکہ صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کی نئی سمت متعین کی۔انہوں نے کہا سی پیک صدر شی جن پنگ کے ایک خطہ، ایک سڑک اقدام کا اہم جزو ہے اور یہ منصوبہ پاکستان میں ترقی، خوشحالی اور اقتصادی استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔