راولاکوٹ :کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں کی پولیس وین پر فائرنگ

 بعض مسلح جتھوں کو ایک ہزار سے 1500 روپے یومیہ معاوضے پر لایا گیا، شرپسندی پھیلانے کی دھمکی
راولاکوٹ: ( مانیٹرنگ ڈیسک) راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں کی جانب سے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد نام نہاد پرامن احتجاج کی حقیقت ایک بار پھر عیاں ہو گئی ہے۔کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح شرپسندوں نے راولاکوٹ کے عید گاہ مقام پر فلیگ مارچ کرنے والی پولیس بکتر بند پر مختلف ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی۔ذرائع کے مطابق شرپسند عناصر نے 30 سے زیادہ گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچا، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسلح جتھوں کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر کے امن و امان کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔اطلاعات کے مطابق انتشاری کمیٹی کی جانب سے بعض مسلح جتھوں کو ایک ہزار سے 1500 روپے یومیہ معاوضے پر لایا گیا ہے، انتشاری کمیٹی کے سرغنہ کی ایک آڈیو لیک بھی منظر عام پر آ چکی ہے جس میں مسلح جتھوں کے ذریعے شرپسندی پھیلانے کی دھمکی دی گئی تھی۔