اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے ملکی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
ریحام خان نے اپنی جماعت کا نام "پاکستان ریپبلک پارٹی" رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعت عوام کی آواز بنے گی اور حکمرانوں کا بھرپور احتساب کرے گی۔ریحام خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریپبلک پارٹی کا مقصد عوامی مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے مؤثر اور منظم جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی جماعت کرپشن، اقربا پروری اور ناانصافی کے خلاف کھڑی ہوگی۔ریحام خان نے مزید کہا کہ پاکستان ریپبلک پارٹی ان لوگوں کے لیے امید کی کرن ہوگی جو موجودہ سیاسی نظام سے مایوس ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ ریحام خان اس سے قبل صحافت اور مصنفہ کی حیثیت سے بھی شہرت رکھتی ہیں، اور اب وہ سیاست کے میدان میں باقاعدہ طور پر متحرک ہو چکی ہیں۔ جلد ہی پارٹی کی تنظیم سازی، منشور اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔