نیو یارک: نیو یارک سٹی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب (فلیش فلڈنگ) کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق نیو جرسی، نیو یارک اور کنیٹیکٹ میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔
نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ ریاست کے مختلف علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آ چکی ہیں اور متعدد مقامات پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔ماہرینِ موسمیات کے مطابق موجودہ طوفان کی رفتار غیر معمولی طور پر سست ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے سبب بارش کا زور ٹوٹ نہیں پا رہا۔ بعض مقامات پر 2 سے 3 انچ فی گھنٹہ کے حساب سے پانی جمع ہو رہا ہے۔
موسمی انتباہ:
میساچیوسٹس سے ورجینیا تک سیلاب کی وارننگ جاری
کم ہوا چلنے کے باعث طوفان ایک ہی جگہ رکا ہوا ہے
شہریوں کو نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 12 گھنٹے انتہائی اہم ہیں، اگر بارش کی شدت برقرار رہی تو ہنگامی ریسکیو آپریشنز کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔