ویب ڈیسک: ملک بھر میں برائلر گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے عوامی بجٹ کو مزید متاثر کر دیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق برائلر گوشت کی فی کلو قیمت میں 13 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 590 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق زندہ برائلر کی ہول سیل قیمت 393 روپے فی کلو جبکہ پرچون قیمت 407 روپے فی کلو طے کی گئی ہے۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عوام پہلے ہی مہنگائی کی بلند ترین لہروں سے نبردآزما ہیں۔دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی کوئی کمی واقع نہیں ہو سکی۔ ایک درجن انڈے 258 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں، جس سے صبح کے ناشتے اور دیگر کھانوں میں استعمال ہونے والی بنیادی غذائی اشیاء عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، ورنہ مہنگائی کا یہ طوفان ان کے گھریلو بجٹ کو مکمل طور پر برباد کر دے گا۔ دکانداروں کا مؤقف ہے کہ مرغی اور انڈوں کی قیمتیں ان کے کنٹرول میں نہیں بلکہ ہول سیل مارکیٹ کے ریٹس پر منحصر ہیں۔