گوگل کمپنی کے پاکستان آنے کیلئے بات چیت ہو رہی ہے:وزیر آئی ٹی

مائیکروسافٹ نے پاکستان سے متعلق اعلان سے قبل پوری دنیا سے ہزاروں ملازمین نکالے
 ہماری کوشش ہے مائیکرو سافٹ کا آپریشنل آفس پاکستان میں قائم ہو؛ شزہ فاطمہ خواجہ

 اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے  گوگل کمپنی کے پاکستان آنے سے متعلق بات چیت ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین امین الحق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران مائیکرو سافٹ آپریشنز کی پاکستان میں بندش کے معاملے پر بحث کی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ مائیکرو سافٹ نے پچھلے ایک سال میں 16 ہزار لوگوں کو نوکری سے نکالا ہے، مائیکروسافٹ نے پاکستان سے متعلق اعلان سے قبل پوری دنیا سے ہزاروں ملازمین نکالے، مائیکرو سافٹ کے پاکستان میں پانچ لوگ ہیں، یہ واضح نہیں ہے کہ یہ پانچ لوگ جا رہے ہیں کہ نہیں، مائیکرو سافٹ کا پاکستان میں آپریشنل آفس نہیں ہے، ہماری کوشش ہے مائیکرو سافٹ کا آپریشنل آفس پاکستان میں قائم ہو، گوگل کے پاکستان آنے سے متعلق بھی بات ہورہی ہے۔دوسری طرف بتایا جارہا ہے کہ مائیکروسافٹ نے مبینہ طور پر پاکستان میں اپنا آپریشن بند کر دیا ہے، جس سے ملک میں عالمی ٹیک کمپنی کے 25 سالہ باب کا خاتمہ ہو گیا، اس حوالے سے چند ملازمین کو ابھی حال ہی میں باضابطہ طور پر مطلع کیا گیا تھا کہ کمپنی پاکستان میں اپنے بزنس کو مکمل طور پر ختم کر رہی ہے