مون سون کا طاقتور سپیل جاری،لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش

دریائے چناب میں سیلاب، تریموں ہیڈ پر پانی کی سطح بلند، چنیوٹ میں نہر میں شگاف سے فصلیں زیر آب آگئیں‘بڑے آبی ذخا ئر میں کمی
لاہور (آئی این پی ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون کا طاقتور سپیل جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں  بھی  ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے، حبس اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی  ۔ دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کے باعث تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو  نے لگی  ، جبکہ چنیوٹ میں سیم نہر میں 50 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے متعدد فصلیں زیر آب آگئیں۔محکمہ آبپاشی کے مطابق تریموں ہیڈ ورکس پر دریائے چناب میں پانی کی آمد ایک لاکھ 48 ہزار 650 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 36 ہزار 50 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔۔وزارتِ آبی وسائل کی دستاویزات کے مطابقملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی مجموعی سطح کم ہو کر صرف 47 فیصد رہ گئی ہے۔وزارتِ آبی وسائل کی دستاویزات کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ میں 20 جولائی تک مجموعی طور پر 6.19 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود تھا، جبکہ ان تینوں بڑے آبی ذخائر کی مجموعی گنجائش 13.149 ملین ایکڑ فٹ ہے۔دستاویزات کے مطابق تربیلا ڈیم میں اپنی ذخیرہ گنجائش کا 58 فیصد پانی موجود ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں صرف 40 فیصد اور چشمہ بیراج میں محض 23 فیصد پانی ذخیرہ ہے