نشیبی علاقے زیر آب، نظام زندگی متاثر ،فیڈرز ٹرپ کرگئے، بجلی بند ،سیلابی صورتحال پیداہوگئی،ٹریفک کی روانی متاثر
پی ڈی ایم اے کا پنجاب،پختونخوا اور بلوچستان کے 18 اضلاع میں الرٹ جاری،آبادیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
کراچی؍اسلام آباد (آئی این پی )مون سون بارشوں نے سندھ کا رخ کر لیا ہے، جس کے باعث کراچی،حیدر آباد،سکھر سمیت مختلف شہروں میں بادل برس پڑے ،جس سے نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، متعددزائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کا نظام بھی معطل ہوگیا ،سیلابی صورتحال پیداہوگئی ۔تفصیل کے مطا بق اتوار کی علی الصبح کراچی میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی جس کے بعد شہر میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ شدید بارش سے متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے، کراچی کے متاثرہ علاقوں میں سکیم 33، گڈاپ، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، شاہ فیصل کالونی، ایئرپورٹ کے اطراف، طارق روڈ، بلوچ کالونی اور دیگر علاقوں میں بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ نشیبی علاقوں اور گلی محلوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔سندھ کے دیگر شہروں میں بھی شدید بارش شروع ہوگئی ، حیدرآباد، میرپور خاص، ٹھٹھہ، مکلی، سکھر، میرپور ماتھیلو، کندھ کوٹ، خیرپور ناتھن شاہ ، ٹنڈوالہ یار،بدین،ہالا،مٹیاری،ٹنڈوباگو اور ہری پور میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔بارش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، کئی علاقوں میں شہری اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جبکہ امدادی اداروں کو بھی ریسکیو سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔سندھ حکومت نے مون سون بارشوں میں ممکنہ حادثات سے بچائو کے لیے اقدامات کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آ ئندہ 24گھنٹوں میں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے 18 اضلاع میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے 25 جولائی کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے18اضلاع میں بارشوں کاالرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد ، خیبر پختونخوا ، سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے۔ خیبر پختونخوا میں دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث قریبی آبادیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔