اسلام آ باد(آئی این پی)سیکریٹری نجکاری کمیشن نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے 5 پارٹیوں نے درخواستیں جمع کرائیں، اسکروٹنی کمیٹی نے چار پارٹیوں کو نیلامی میں شرکتِ کیلئے منظوری دے دی، جلد نیلامی کی تاریخ طے کی جائے گی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس چیئرمین فاروق ستار کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں، پی آئی اے کی نجکاری، بجلی کی صورتحال، پوسٹل لائف کا محکمہ اور دیگر ایشوز زیر بحث آئے۔سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے 5 پارٹیوں نے اظہار دلچسپی ظاہر کی اور درخواستیں جمع کروائیں، اسکروٹنی کمیٹی نے چار پارٹیوں کو نیلامی میں شرکتِ کیلئے منظوری دی، ان پارٹیوں کو کل سے پی آئی اے کے دفاتر میں اکانٹس اور آپریشنز کا جائزہ لینے کی اجازت دی گئی ہے