ہو سکتا ہے خیبرپختونخوا میں دو چار پارٹیاں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کریں خواجہ آصف

پی ٹی آئی کی ساری قیادت دو نمبری کررہی ہے‘خیبرپختونخوا میں حکومت کی رٹ مکمل ختم ہو چکی ہے‘سانحہ سوات پر وزیراعلی نے جیسے ریمارکس دیئے وہ ذمہ دار شخص کو زیب نہیں دیتے
 عالمی برادری پاکستان کا موقف تسلیم کر رہی ہے‘ امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لیکن ماضی کے برعکس یہ تعلقات مشترکہ فوجی مصروفیات پر مبنی نہیں :خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف  نے کہا ہے  پی ٹی آئی کی ساری قیادت دو نمبری کررہی ہے۔ ہو سکتا ہے  خیبرپختونخوا میں دو چار پارٹیاں مل کر حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کریں، لیکن مجھے اس کا کوئی علم نہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا خیبرپختونخوا میں حکومت کی رٹ مکمل ختم ہو چکی ہے اور کرپشن عروج پر پہنچی ہوئی ہے۔سانحہ سوات کے بعد جس طرح وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کمنٹ کیا، وہ ایک ذمہ دار شخص کو زیب نہیں دیتا۔ پی ٹی آئی کے رہنما جماعت میں موجود جن لوگوں پر شک کررہے ہیں عمران خان ان کو قریب رکھ رہا ہے  شاید ان کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ سے بات بن جائے۔ پی ٹی آئی میں موجود لوگوں کو اپنے ملک، صوبے یا سیاست کا کوئی پاس نہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہابھارت مانے یا نہ مانے، عالمی برادری پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہی ،پاکستان کے اس وقت امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لیکن ماضی کے برعکس یہ تعلقات مشترکہ فوجی مصروفیات پر مبنی نہیں، افغان شہری پاکستان میں غیر قانونی کاروبار اور زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں، افغان اپنے وطن واپس لوٹے تو پاکستانی شہریوں کے لیے ملازمت کے مواقع کھلیں گے ۔انہوںنے کہا  جس نہر میں وہ اکثر تیراکی کرتے ہیں، وہاں کناروں کے ساتھ ڈمپر کھڑے ہیں، جو افغان باشندوں کی ملکیت ہیں جو عارضی پناہ گاہوں میں رہتے ہیں لیکن انہوں نے آبپاشی کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ افغان ڈمپر مالکان شاید محکمہ آبپاشی کو رشوت دیتے ہیں، پاکستان میں جتنے ناجائز کاروبار ہیں سب افغان کرتے ہیں، ہماری تمام نہروں کے کنارے افغان شہریوں نے تجاوزات کر رکھی ہیں۔وزیر دفاع نے دعوی کیا کہ تقریبا 6 سے 7 ملین غیر دستاویزی افراد پاکستان میں ہیں، اور تجویز دی کہ اگر افغان اپنے وطن واپس لوٹے تو پاکستانی شہریوں کے لیے ملازمت کے مواقع کھلیں گے۔