اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر نجی شعبے کے ماہرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ریلویز کی ملکی معیشت، علاقائی صنعت و تجارت، عوامی سہولت اور کمرشل استعمال میں معیاری کارکردگی کی اہمیت پر زور دیا اور دستیاب وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی دکھانے پر وزارت ریلوے کی ٹیم کو شاباش دی۔وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی مجموعی ترقی کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت حکومت کے معاشی اصلاحات کا حصہ ہے اور پاکستان میں معیاری ریلوے نظام ملکی آمدنی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان ریلویز کو تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد عملی اقدامات پر مشتمل روڈ میپ اگلے ہفتے پیش کرنے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں اصلاحات سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ ملکی صنعت و تجارت اور سرمایہ کاروں کی سہولت میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریلویز کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اگلے سال کے PSDP میں متناسب بجٹ فراہم کیا جائے گا تاکہ اسے بین الاقوامی معیار کا کمرشل مواصلاتی نظام بنایا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سرفراز احمد، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور نجی شعبے کے ماہرین زید بشیر، پیر سعد احسان الدین اور دیگر شریک ہوئے۔