تعلیمی اداروں ،حساس مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے:چوہدری اثر علی
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سِول لائنز ڈویڑن پولیس کی جانب سے ہنگامی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی ایس پی خرم چیمہ کی زیر نگرانی گورنر ہاؤس میں موک ایکسرسائز کی گئی۔ہنگامی مشقوں میں سِول لائنز پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں نے شرکت کی۔ موک ایکسرسائز کے دوران فرضی دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ ان ہنگامی مشقوں کے ذریعے پولیس ریسپانس اور دیگر معاون اداروں کی کارکردگی کا عملی جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ریسپانس کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایسی مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا جا رہا ہے۔ایس پی سِول لائنز نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں سمیت تمام اہم اور حساس مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ہنگامی مشقوں کا بنیادی مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔