اوپن مارکیٹ میں سبزیاں اور پھل سرکاری نرخ ناموں سے کہیں زیادہ قیمتوں پر فروخت ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق آلو کی سرکاری قیمت 25 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں آلو 60 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت 64 روپے فی کلو ہے، جبکہ بازار میں پیاز 120 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو کے مقابلے میں مارکیٹ میں 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔اسی طرح بھنڈی کی سرکاری قیمت 150 روپے فی کلو جبکہ بازار میں 180 روپے فی کلو، کریلے کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو اور اوپن مارکیٹ میں 120 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔
مٹر کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو کے مقابلے میں اوپن مارکیٹ میں 150 روپے فی کلو، شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 90 روپے فی کلو جبکہ بازار میں 180 روپے فی کلو، سبز مرچ کی سرکاری قیمت 110 روپے فی کلو اور مارکیٹ میں 130 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ بند گوبھی کی سرکاری قیمت 55 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر اوپن مارکیٹ میں یہ 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
شہری سبزیوں اور پھلوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید پریشانی کا اظہار کر رہے ہیں اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں سے سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔دوسری جانب سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں سبزیاں سرکاری ریٹ لسٹ پر دستیاب نہیں ہوتیں، جس کے باعث وہ کم نرخوں پر فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔