معرکہ حق کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر وقار حاصل ہوا ،دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اورنگزیب
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، اورنگزیب خان کھچی سے اردن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز خان نے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، اسد رحمٰن گیلانی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور اردن کے مابین دوطرفہ سفارتی اور ثقافتی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل ہوا ہے اور دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمٰن گیلانی نے کہا کہ اردن جانے والے پاکستانیوں کی تعداد نسبتاً کم ہے اور اس حوالے سے اردن میں پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا سہولیات میں آسانی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ نامزد سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز خان نے بتایا کہ اردن میں پاکستانیوں کی کم تعداد کی مختلف وجوہات ہیں، تاہم اردن میں کئی انبیاء کرام اور صحابہ کرامؓ کے مزارات موجود ہیں، جن کی زیارت کے لیے بڑی تعداد میں پاکستانی شہری جانا چاہتے ہیں۔ملاقات میں ثقافتی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا گیا