وزارت مواصلات 313ٹول پلازوں کے ٹھیکیداروں سے 25ارب وصول کرنے میں ناکام

یہ رقم مالی سال 2022/23سے بقایا ، 10ارب روپے سے زائد رقم ایف ڈبلیو او کے ذمے بقایا ہے ،آڈیٹر جنرل آف پاکستان
اسلام آباد(آن لائن)وزارت مواصلات کی نااہلی، ملک بھر میں قائم 313ٹول پلازوں کے ٹھیکیداروں سے 25ارب روپے سے زائد کے بقایا جات وصول نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ نے وزارت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے دستاویزات کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی ملک بھر میں قائم 313ٹول پلازوں کے ٹھیکیداروں سے 25ارب 28کروڑ 37لاکھ روپے سے زائد رقم وصول نہیں کرسکی ہے رپورٹ کے مطابق یہ رقم مالی سال 2022/23سے بقایا ہے اس حوالے سے وزارت کے حکام نے بتایا ہے کہ 10ارب روپے سے زائد رقم ایف ڈبلیو او کے ذمے بقایا ہے جن کے ساتھ تاحال کوئی تصفیہ نہیں ہوسکا ہے جبکہ 10ارب روپے سے زائد رقم کرونا کے دور سے بقایا چلا آرہا ہے جو وصول نہیں ہوسکا ہے جبکہ 4ارب روپے سے زائد رقم دیگر وجوہات کی وجہ سے وصول نہیں ہوسکی ہے ۔