50 ارب روپے کی بے ضابطگیاں صرف پاکستان پوسٹ آفس میں ہوئیں:آڈیٹرجنرل
اسلام آباد (آن لائن) آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تازہ رپورٹ میں وزارت مواصلات میں 78 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جن میں سب سے زیادہ، تقریباً 50 ارب روپے کی بے ضابطگیاں صرف پاکستان پوسٹ آفس میں رپورٹ کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق وزارت مواصلات میں 28 کروڑ 82 لاکھ روپے کی کرپشن، چوری اور ڈکیتیوں کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ حیران کن طور پر، صرف پاکستان پوسٹ آفس میں 28 کروڑ 42 لاکھ روپے کی کرپشن اور چوری کی نشاندہی کی گئی ہے۔آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزارت کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ میں بھی ایک ارب 25 کروڑ 69 لاکھ روپے کی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں، جبکہ مختلف خریداریوں میں 2 ارب 84 کروڑ روپے کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔ مزید براں وزارت مواصلات کے کمرشل بینکوں میں اکاؤنٹس رکھنے کے باعث قومی خزانے کو 4 ارب 58 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔