ہلاک ہونے والے دہشت گرد براہ راست پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے‘اسلحہ برآمد
ڈی آئی خان،اسلا م آباد(آئی این پی ) سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں 3 مطلوب دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی میں ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نعمت اللہ، عبد الرئوف افغانی اور مصطفی کے ناموں سے ہوئی، ہلاک دہشت گرد براہ راست پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے 3 کلاشنکوفیں، 9 میگزینیں، 2 ہینڈ گرینیڈز اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔بلو چستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر قلات میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جس دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک کردئیے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے ۔ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے ہیں۔