خیبرپختونخوا: اہم سیاسی شخصیات کے نام والی نمبر پلیٹوں کی نیلامی کا فیصلہ

 آصف زرداری، نواز شریف  اور بانی پی ٹی آئی سمیت دوسرے رہنمائوں کے نام پر نیلامی ہوگی
 فینسی اور یونیک چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں  ہوگی: صوبائی وزیر  فخر جہاں
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا حکومت نے صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف  اور بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات کے ناموں پر نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ  کیا ہے ۔صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے  ایک  نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ سیاسی و قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل فینسی اور یونیک چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں منعقد کی جائے گی۔ فخر جہاں کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی بولی کا آغاز 10 لاکھ روپے سے ہوگا جب کہ سب سے زیادہ بولی دینے والے کو اپنی پسندیدہ سیاسی یا قومی شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار دیگر قومی قیادت، معروف شخصیات، علاقوں اور اقوام کے نام سے منسوب نمبر پلیٹس بھی نیلامی میں شامل کی جائیں گی۔