دبئی : گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی، مہنگی نمبر پلیٹ74 کروڑ میں فروخت

نیلامی میں دو سے 5 ہندسوں پر مشتمل 90 خصوصی نمبر پلیٹس نیلامی کیلئے پیش کی گئیں
دبئی (آئی این پی )دبئی میں لگژری گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی مہنگی ترین نیلامی ہوئی۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 10 کروڑ 90 لاکھ درہم ( 8 ارب 31 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے)  میں نمبرپلیٹس کی نیلامی ہوئی۔دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی یہ 120 ویں اوپن نمبر پلیٹ نیلامی تھی جس میں سب سے مہنگی نمبرپلیٹ 96 لاکھ 60 ہزار درہم یعنی تقریبا 74 کروڑ پاکستانی روپوں میں فروخت ہوئی جبکہ دوسری نمبرپلیٹ 80 لاکھ درہم سے زائد یعنی تقریبا 61 کروڑ پاکستانی روپے میں فروخت ہوئی۔ایک نمبر پلیٹ 67 لاکھ 40 ہزار درہم یعنی پاکستانی روپوں میں تقریبا 51 کروڑ میں فروخت ہوئی جبکہ ایک نمبر پلیٹ پاکستانی روپے میں تقریبا 33 کروڑ میں نیلام کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلامی میں دو سے 5 ہندسوں پر مشتمل 90 خصوصی نمبر پلیٹس نیلامی کیلئے پیش کی گئیں، یہ اب تک کی سب سے بڑی نمبر پلیٹس کی نیلامی قرار دی جا رہی ہے۔