ایک خاص مقصد کے تحت تھرپارکر اور پورے صوبے پر تنقید کی جاتی ہے، کہا جاتا ہے پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کیا، اختیارات اسلام آباد کو دیے جائیں‘ ان قوتوں کو بہترین جواب تھرپارکر ہے‘تھرپارکر کی ترقی سندھ کی ترقی کیلئے ضروری ہے
2026 کا تھرپارکر آپ کے سامنے ہے، کوئلہ یہاں کے عوام کا اثاثہ ہے‘تھرپارکر کے پاس اتنا کوئلہ ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے مگر آپ کو اپنے وسائل استعمال کرنے نہیں دیئے گئے:چیئرمین پیپلز پارٹی کا مٹھی میں خطاب
مٹھی(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے بعض قوتیں سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتی ہیں‘ ایک سازش کے تحت سندھ کی کردار کشی کی جاتی ہے اس جھوٹے بیانیے کا جواب تھرپارکر کی ترقی ہے، ہم پورے سندھ میں اسی طرح محنت کررہے ہیں، ہماری حکومت عوام دوست حکومت ہے۔مٹھی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی تھر آتا ہوں تو خوشی ہوتی ہے، یہاں کے عوام پیپلز پارٹی، بے نظیر بھٹو اور شہید بھٹو سے محبت کرتے ہیں، جتنی محنت تھرپارکر کی ترقی کے لیے پیپلز پارٹی نے کی ہے تو ثابت کردیا ہے کہ پارٹی کتنا یہاں کی عوام سے محبت کرتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سازش کے تحت سندھ کی کردار کشی کی جاتی ہے اس جھوٹے بیانیے کا جواب تھرپارکر کی ترقی ہے، ہماری بدقسمتی ہے کہ آپ کو اپنے وسائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، تھرپارکر کی ترقی سندھ کی ترقی کے لیے ضروری اور پیپلز پارٹی کی ترجیح ہے۔ 2026 کا تھرپارکر آپ کے سامنے ہے، کوئلہ یہاں کے عوام کا اثاثہ ہے۔ تھرپارکر کے پاس اتنا کوئلہ ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے مگر آپ کو اپنے وسائل استعمال کرنے نہیں دیے گئے۔
‘جب بے نظیر بھٹو نے کوشش کی تو سازشوں کے تحت اسے ناکام بنادیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ تھرکول کی وجہ سے معاشی انقلاب آیا،اس کی وجہ سے ہم نے ایک سماجی انقلاب تھرپارکر میں دیکھا ہے، یہاں نہ ڈسپنسری، نہ ہیلتھ یونٹ اور نہ اسپتال ہوتے تھے لیکن اب صحت کا نظام تھرپارکر میں بچھایا گیا ہے، تھرپارکر کی ترقی کے لیے ہم نے تھر فانڈیشن بنائی، تھرپارکر سے حاصل منافع کا ایک حصہ اس فانڈیشن کو دیا جاتا ہے۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہم پورے سندھ میں اسی طریقے سے محنت کررہے ہیں، ہماری حکومت عوام دوست حکومت ہے، ہم صوبے کے عوام کے مفاد میں سوچتے ہیں، ہم نے سندھ میں یونیورسٹیز اور اس کے کیمپس کو دگنا کیا، ہم اسی طرح دیگر صوبوں سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، امید ہے کہ تھرپارکر کے عوام تعلیم حاصل کرکے ہر شعبے میں ترقی کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ تھرپارکر میں گلگت کے طالب علم بھی تعلیم حاصل کرنے آئے ہیں۔