تیراہ میں آپریشن نہیں ہورہا‘خیبر پختونخوا حکومت ناکامیوں کا ملبہ فوج پر ڈالنا چاہتی ہے خواجہ آصف

ہرسال برفباری کے باعث  لوگ یہاں سے ہجرت کرکے دوسرے علاقوں میں چلے جاتے ہیں، یہ  کوئی انوکھی چیز نہیں‘ اِس سارے معاملے میں فوج کا کوئی تعلق نہیں
 لوگوں کی نقل مکانی کا نوٹیفکیشن کے پی حکومت اور جرگہ کی مشاورت کے بعد جاری ہوا، صوبائی حکومت نے نقل مکانی کیلئے چار ارب کا فنڈ مختص کیا:عطاء تارڑ کیساتھ پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی  این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے وادی تیراہ میں آپریشن کو مفروضہ قرار دے دیا اور صوبائی حکومت پر معاملے پر سیاست کرنے کا الزام لگا دیا۔خواجہ آصف نے کہا  کہ وادی تیراہ میں نقل مکانی معمول کی بات ہے، خیبر پختونخوا حکومت فوج پر ملبہ ڈالنا چاہتی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں وفاقی وزیر عطا تارڑ اور اختیار ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ برفباری کے سبب ہر سال تیراہ میں نقل مکانی ہوتی ہے، اس بار بھی نقل مکانی سے قبل کے پی حکومت اور تیراہ کے عمائدین کے درمیان کامیاب جرگہ ہوا تھا جس کے بعد نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے 4ارب روپے کے فنڈز رکھے ہیں، نقل مکانی کوبحران کی شکل دینے کی کوشش کی جارہی ہے، صوبائی حکومت اور جرگے کی مشاورت کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جرگے میں طے پایا کہ علاقے میں سکول اور تھانے قائم کیے جائیں گے، یہ نقل مکانی معمول کی بات ہے، صوبائی حکومت کے مفادات ٹی ٹی پی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پرفارمنس دیکھیں توعلاقے میں ہسپتال، سکول، تھانہ نہیں، خیبرپختونخوا حکومت اپنی ناکامیوں کا سارا ملبہ فوج پر ڈال رہی ہے، اِس سارے معاملے میں فوج کا کوئی تعلق نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہرسال لوگ یہاں سے ہجرت کرکے دوسرے علاقوں میں چلے جاتے ہیں، کوئی انوکھی چیز نہیں، خیبرپختونخوا حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر رہی، صوبائی حکومت اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ وادی تیراہ میں کئی سالوں سےآپریشن نہیں ہوا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوتے رہتے ہیں، صوبائی حکومت اورمشیران کے جرگے سے فوج کا کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ کے اندر کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 سو لوگ موجود ہیں، ہمیں جہاں اطلاع ملتی ہے ہم وہاں جاتے ہیں اور آپریشن کرتے ہیں، نوٹیفکیشن صوبائی حکومت کا ہے، وہ واپس لے لے۔انھوںنے کہاکہ  دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن جاری رہیں گے، دہشت گردوں کا ہر صورت قلع قمع کریں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کتنی برس سے کے پی میں حکومت ہے اور وہ دہشت گردوں کو سپورٹ کررہی ہے۔