ترجمان پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا حقائق کے خلاف ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان بھارت کے پٹے ہوئے مؤقف کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و ستم کی ذاتی نگرانی کی، اور بھارتی آرمی چیف کے ریمارکس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ یہ بیان بھارت کی اندرونی اقلیتوں پر جبر اور بین الاقوامی سطح پر اس کے جبر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کے ایسے سیاسی اور غلط بیانات فوج کی سیاست زدہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، اور پاکستان ایسے بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔