آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی 2024 میں بے مثال خدمات اور کامیابیاں

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی 2024 میں بے مثال خدمات اور کامیابیاں

ویب ڈیسک:پاکستان نے 2024 میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں سیکیورٹی، دہشتگردی، سفارتکاری اور معاشی میدانوں میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کیں۔

 جنرل عاصم منیر نے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں بھی امن کے قیام کو اولین ترجیح دی، اور ان کی حکمت عملی نے پاکستان کو ایک مضبوط ریاست کے طور پر عالمی سطح پر مضبوط کیا۔

سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے سال 2024 میں دہشتگردوں اور خوارج کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ اس سال سیکیورٹی فورسز نے 59,775 مختلف نوعیت کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن میں 925 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا اور سینکڑوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان آپریشنز کے دوران 73 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن میں فدا الرحمن، علی رحمان اور ابو یحییٰ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 14 دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قومی دھارے میں شامل کیا۔

پاکستان کی واضح پالیسی اور موقف

آرمی چیف نے دہشتگردوں، خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے بارے میں دو ٹوک موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی سرزمین سے آزادانہ دہشتگرد کارروائیوں پر تحفظات رکھتا ہے اور ایک پاکستانی کی حفاظت کو افغانستان پر ترجیح دی جاتی ہے۔ عالمی سطح پر بھی آرمی چیف کی دہشتگردی کے خلاف آواز کو سراہا گیا۔

ملٹری ڈپلومیسی کی کامیابیاں

جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ملٹری ڈپلومیسی میں اہم سنگ میل عبور کیے۔ اس سال پاکستان نے ایس سی او (شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن) کی میزبانی کی، جس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان اور دیگر اہم ممالک کے وزرائے اعظم نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ کئی ممالک کے سربراہان نے پاکستان کا دورہ کیا اور متعدد اہم معاہدوں پر دستخط کیے۔

معاشی کامیابیاں

پاکستان کی معیشت میں 2024 کے دوران بہتری آئی، جس کی بڑی وجہ ایس آئی ایف سی (سٹریٹجک اکنامک انٹرنیشنل فریم ورک) کی کامیاب حکمت عملی تھی۔ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے کئی بین الاقوامی تجارتی تعلقات مستحکم ہوئے اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ، اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں کمی آئی۔

پاکستان کا روشن مستقبل

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 2024 میں فیک نیوز اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے خلاف قانون سازی کی تاکہ آزادی اظہار رائے کے اخلاقی حدود کا تعین کیا جا سکے۔ ان کی قیادت میں حکومت اور عسکری قیادت نے پاکستان کو استحکام کی طرف گامزن کیا اور 2025 کو امن اور استحکام کا سال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔