وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ایف آئی اے میں افرادی قوت کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت دی اور ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سفر کرنے والوں کی سکریننگ کے لیے معیاری نظام قائم کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے انسانی اسمگلنگ کے بارے میں آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی اور انٹرپول سے رابطہ کر کے مطلوب سمگلروں کی حوالگی کی کوششوں کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جون 2023ء سے دسمبر 2024ء تک انسانی اسمگلنگ کے متعدد واقعات میں کئی انسانی سمگلروں کو گرفتار کیا گیا، کئی سہولت کار سرکاری اہلکاروں کو برطرف کیا گیا اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے 500 ملین روپے سے زائد کے اثاثے ضبط کیے جا چکے ہیں۔