اسلام آباد:قائد حزب اختلاف سینیٹر سید شبلی فراز نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سندھ اور بلوچستان کی تقرری کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو خط لکھا ہے۔
اپنے خط میں شبلی فراز نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔خط کے متن میں شبلی فراز نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت موجودہ چیف الیکشن کمشنر اسکندر سلطان راجہ کی مدت 26 جنوری 2025 کو ختم ہو رہی ہے۔ ان کی مدت کے اختتام پر نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سندھ اور بلوچستان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل ضروری ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے آرٹیکل 213 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئینی تقاضے کے مطابق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ تقرری کے عمل کو شفاف اور آئینی طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے۔ عمر ایوب نے بھی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کی ہے تاکہ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے عمل کو جلد اور درست طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔چیف الیکشن کمشنر اسکندر سلطان راجہ اور ممبر سندھ اور بلوچستان کی مدت ملازمت 26 جنوری کو ختم ہو جائے گی، جس کے بعد ان عہدوں پر تقرریوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔