لاہور: لین دین کا تنازعہ،کاریگر نے مالک کو قتل کرکے خود کشی کرلی

 فریج ،اے سی کی دکان پر کام کرنیوالے ساجد نے معمولی تکرار پر طیش میں آکر دکان مالک شاہدکو گولیاں مار دیں
استاد کو گولی مارنے کے بعدملزم ساجد علی نے گھرپہنچ کراپنی زندگی کابھی خاتمہ کرلیا،گاہک کی وجہ سے جھگڑا ہوا،ابتدائی تحقیقات
    لاہور(کرائم رپورٹر) کاہنہ میں لین دین کے تنازعے پر کاریگر نے مالک دکان کو قتل کر کے خود بھی خودکشی کرلی،افسوسناک واقعہ کاہنہ تھانہ کی حدود میں پیش آیا جہاں فریج اور اے سی کی دکان پر کام کرنے والے کاریگر نے معمولی تکرار پر طیش میں آکر دکان مالک کو گولیاں مار دیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ساجد علی نے قتل کے بعد گھر پہنچ کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔قتل ہونے والے مالک شاہد حسین نے کاہنہ میں اے سی فریج کی دکان بنائی ہوئی تھی،گذشتہ روز گاہک کی وجہ سے استاد شاگرد میں جھگڑا ہوا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں دکان پر اکٹھے کام کرتے تھے۔پولیس کے مطابق دونوں افراد کے درمیان لین دین کا تنازع چل رہا تھا جو اس المناک واقعے کا سبب بنا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد جمع کر لیے گئے ہیں۔ پولیس نے مقتول شاہد کی نعش مقامی ہسپتال منتقل کردی جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا ء کے حوالے کی جائے گی۔