ٹل پاراچنار روڈ محفوظ بنانے کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس اہلکاروں کی بھرتی شروع

سکیورٹی فورسز اور ایف سی کے سابق اہلکاروں کو بھرتی کیاجائے گا، فورس کو جدید اسلحہ بھی فراہم کیا جائیگا
پشاور (آئی این پی) ٹل پاراچنار روڈ محفوظ بنانے کے لیے اہلکاروں کی بھرتی کا عمل شروع ہوگیا۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ نے بھرتیوں اور محکمہ خزانہ نے فنڈز کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد سپیشل پروٹیکشن فورس کی بھرتیوں کا عمل رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق 399 اہلکاروں کو ڈیڑھ سال کے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائے گا، بھرتیاں ریجنل پولیس افسر کوہاٹ کریں گے۔ذرائع کے مطابق ان اہلکاروں کی عمر کی حد 45سال تک مقرر کی گئی ہے، فورس میں 350سپاہی اور 49حوالدار بھرتی کیے جائیں گے۔بھرتیاں سکیورٹی فورسز اور ایف سی کے سابق اہلکاروں سے کی جائیں گی۔سپیشل پروٹیکشن فورس کو جدید اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا۔