عوامی طاقت سے انقلاب لائیں گے:حافظ نعیم الرحمن

17جنوری کو آئی پی پیز اور مہنگی بجلی کیخلاف مظاہروں کے بعد اصل کام شروع ہوگا
 نوازشریف کے بھائی وزیراعظم اور بیٹی وزیراعلیٰ، پھر بھی افسردہ نظر آتے ہیں: امیرجماعت اسلامی 
    لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  17جنوری کو آئی پی پیز اور مہنگی بجلی کے خلاف مظاہروں کے بعد اصل کام شروع ہو گا، عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کو دینی فریضہ سمجھتے ہیں، عوامی طاقت سے انقلاب لائیں گے، ملک میں چہرے اور پارٹیاں بدل کر آنے والی حکومتیں تبدیلی نہیں لا سکتیں، سیاسی پارٹیوں میں شخصی اور خاندانی اجارہ داریاں قائم ہیں، بلاول زرداری کا حساب ٹھیک نہیں بیٹھ رہا تھا ان کے نام کے آگے بھٹو لگا دیا گیا، رائے ونڈ کے محل سے چلنے والی پارٹی کا بھی یہی حال ہے، نواز شریف کے بھائی وزیراعظم اور بیٹی وزیراعلیٰ، پھر بھی افسردہ نظر آتے ہیں، جماعت اسلامی میں شخصیت پرستی نہیں، ہم مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں اور ہماری تحریک کا نصب العین اقامت دین کی جدوجہد ہے۔کارکنان اچھی طرح سمجھ لیں کہ جماعت اسلامی کا تقابل دیگر پارٹیوں سے نہیں کیا جا سکتا، زندگی کی آخری سانس اور شعور کے آخری لمحے تک اسلامی نظام کے لیے جدوجہد لازم سمجھتے ہیں۔ اقلیتوں کے لیے بھی سب سے محفوظ نظام اسلام کا ہے۔ دیہاتوں اور شہروں میں محلوں کی سطح پر عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، گراس روٹ لیول پر سٹرکچر قائم کر کے بڑی جدوجہد کا آغاز کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں خیبرپختونخوا سے آئے ہوئے افراد کے لیے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا