فیصل آباد (آن لائن)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے فیصل آبادمیں بنو قابل پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں آئی ٹی کا انقلاب برپا کررہی ہے، لاکھوں بچوں بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگار کے قابل بنائیں گے، حکمرانوں نے ملک میں مایوسی پھیلائی، نوجوان عہد کریں کہ مایوس ہونے کی بجائے ناامیدی پھیلانے والوں کو مایوس کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں فری آئی ٹی ٹریننگ کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں ہزاروں طلبا وطالبات نے شرکت کی۔ کامیاب ہونے والے طلباوطالبات کو کمپیوٹر اور آئی ٹی سے آگاہی کے مختلف کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی بنو قابل کے تحت دس لاکھ بچوں اور بچیوں کو مفت آئی ٹی ٹریننگ دے گی، پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیاجائے گا، آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرکے تمام بڑے شہروں میں اس کے کیمپس بنائیں گے، تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کا اہتمام بھی کیا جائے گا، گھریلو خواتین کو بھی آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔