عدالتوں کے چکر ختم شہریوں کو موبائل ایپ اور ویب سائٹ سے کیسوں کی معلومات فراہم کرنیکا فیصلہ

عدالتی کارروائی سے متعلق آگاہی لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے حاصل کی جاسکے گی‘منصوبے پر عملدرآمد رواں ماہ ہوگا
 ہائیکورٹ پاکستان کی واحد عدالت ہوگی جہاں سہولت کا آغاز ہوگا، ‘چیف جسٹس نے  منصوبے کا ٹاسک ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی  کو سونپ دیا
لاہور(کورٹ رپورٹر‘ایجنسیاں)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد گھر بیٹھے کیسز کی معلومات ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے حاصل کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز ہوگیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم سائلین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے عملی طور اقدامات کرہی ہے اور اس میں ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے ،اس سلسلے میں سب سے پہلے سائلین کے قیمتی وقت اور پیسے بچانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے سائلین کو ان کے کیسز سے متعلق مسلسل آگاہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،عدالتی کارروائی سے متعلق آگاہی لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے حاصل کی جاسکے گی۔اس اقدام سے سائلین گھر بیٹھے اس ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھا کراپنے کیسز بارے اپ ڈیٹ حاصل کریں گے ، نئے منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز اسی ماہ سے ہوگا ، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے نئے منصوبے کا ٹاسک ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی جمال احمد کو سونپ دیا۔لاہور ہائیکورٹ پاکستان کی واحد ہائیکورٹ ہوگی جہاں اس سہولت کا آغاز ہوگا، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کے ویژن کے مطابق سائلین اور وکلا کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں اقدامات کررہی ہیں ۔