وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اتحاد کی ضرورت پر زور، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اتحاد کی ضرورت پر زور، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں آج اپنی صفوں میں اتحاد کی جتنی ضرورت ہے، پہلے کبھی نہیں تھی۔

 بلوچستان میں امن وامان سے متعلق اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے قلات میں ہونے والے المناک واقعے کا ذکر کیا اور کہا کہ میں نے سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کی، اور وہ بہت حوصلے میں تھے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی افسوس نہیں ہے، اگر جان کا نذرانہ پیش کرنا پڑے۔وزیرِ اعظم نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قیادت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ آج ہمیں سیاست کا وقت نہیں ہے، بلکہ اس وقت ہمیں اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو کر اپنی تمام توانائیاں صرف کرنی ہوں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے سپوت ماضی کی غلطیوں کی وجہ سے خون کا نذرانہ پیش کر کے ازالہ کر رہے ہیں، اور میں اپنے عظیم سپوتوں کے خاندانوں اور ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔