وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شاگئی، لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی سمیت تمام سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار دن رات ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ وہ خود اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے عزم میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔