حکومتی گیٹ سے داخل ، ارکان نے ڈیسک بجائے ،کیوں نکالا؟ ظالمو جواب دو، حکومتی ارکان کے نعرے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )تحریک انصاف سے نکالے گئے شیر افضل مروت نے بھی مجھے کیوں نکالا کا نعرہ بلند کردیا۔قومی اسمبلی اجلاس کے دوران شیر افضل مروت گیٹ سیایوان میں آنے کیبجائے حکومتی گیٹ سے داخل ہوئے جب کہ ان کی اسمبلی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ لوگ انہیں مروا نہ دینا۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سپیکر نے موبائل کمپنیوں کے ضم ہونے پر ضمنی سوال کرنے کا کہا تو شیر افضل نے کہا کہ میرا سوال تو ابھی صرف اپنے لوگوں سے ہے کہ مجھے کیوں نکالا ہے۔ان کے مختصر نکتہ اعتراض پر حکومتی ارکان نے قہقہے لگائے لیکن پی ٹی آئی اراکین خاموش رہے۔ بیرسٹرگوہر کو دیکھ کر شیر افضل نے حکومتی اراکین سے کہا کہ آپ بھی میرا ساتھ دیں جس پر حکومتی اراکین نے کہا مروت کو کیوں نکالا؟ انہوں نے ظالمو جواب دو، مروت کو حساب دو کے نعرے لگائے۔اسمبلی کی کارروائی کے دوران مسلم لیگ (ن)کے رکن حنیف عباسی نے ہلکے پھلکے انداز میں شیر افضل سے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی میں واپس بھجوائیں گے۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مروت نے کہا ہے کہ عمران خان مجھ سے اس وقت پیار کرتے تھے جبکہ قیادت چور ، سپاہی کا کھیل کھیل رہی تھی ، عمران خان کہیں تو استعفیٰ کیا یہ ملک ہی چھوڑ دوں گا۔