پنجاب کو فوڈ باسکٹ صوبہ بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے: عظمیٰ بخاری

پنجاب کو فوڈ باسکٹ صوبہ بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے: عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے کو حقیقی معنوں میں "فوڈ باسکٹ" بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زراعت، صنعت اور انفراسٹرکچر کے شعبے اپنے عروج پر ہیں، اور وزیر اعلیٰ مریم نواز ہر شعبے میں انقلابی اور تاریخی اقدامات کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کسانوں کے لیے 400 ارب روپے کا تاریخی "کسان کارڈ پروگرام" متعارف کرایا گیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ کسانوں کو گرین ٹریکٹر، سپر سیڈرز اور کرایہ پر مشینری کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، جبکہ مریم نواز بلا تفریق پنجاب کے تمام اضلاع میں عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ "رمضان نگہبان پیکیج" کے تحت مستحق افراد کو ان کے گھروں کی دہلیز پر راشن فراہم کیا جائے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور سندھ میں مریم نواز کے اقدامات کو اپنانا ایک مثبت عمل ہے، اور اگر ان کی پالیسیوں سے دوسرے صوبوں کے عوام کو بھی ریلیف ملے تو یہ خوش آئند ہوگا۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مریم نواز کی تمام پالیسیاں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اپنے حلقے کے عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔