راولپنڈی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 100 پتنگ بازوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق پتنگ بازی کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ سٹی پولیس نے 2 آن لائن پتنگ سپلائرز کو بھی حراست میں لے لیا، جن کے قبضے سے 10 ہزار پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر لی گئیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی شہر میں پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر مکمل پابندی عائد ہے، اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں مساجد سے اعلانات بھی کروائے جا رہے ہیں تاکہ پتنگ بازی کے خطرات سے عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔ پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔