بیجنگ: صدر آصف علی زرداری کی چین کے نیشنل پیپلز کانگریس چیئرمین سے ملاقات

بیجنگ: صدر آصف علی زرداری کی چین کے نیشنل پیپلز کانگریس چیئرمین سے ملاقات

بیجنگ میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چاؤ لے چی سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار دوستی کو مزید اجاگر کرنے پر بات چیت کی گئی۔

 اس ملاقات میں دونوں فریقوں نے پاک چین تعلقات کی تاریخ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات تزویراتی باہمی اعتماد پر قائم ہیں اور گزشتہ دہائیوں میں یہ تعلقات مزید گہرے اور وسیع ہوئے ہیں۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جاری عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ فریقین نے خاص طور پر پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے کی اعلیٰ معیار کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس منصوبے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔اس کے علاوہ سائنس و ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے اور زرعی شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی، جس میں خاص طور پر CPEC کے ذریعے عوام کی خوشحالی کو مرکز بنایا جائے گا۔

ملاقات میں پارلیمانی تبادلوں، سی پیک سیاسی جماعتوں کے مشاورتی میکانزم میں شرکت اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔