خواتین کو مساوی حقوق دینا قومی ترقی کے لیے ضروری ہے: آصف علی زرداری

خواتین کو مساوی حقوق دینا قومی ترقی کے لیے ضروری ہے: آصف علی زرداری

ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ خواتین کے موقع پر خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک اہم پیغام دیا۔

 انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، معیشت اور قیادت کے میدان میں آگے لانا پوری قوم کے مفاد میں ہے، اور مساوی حقوق دینا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مساوی حقوق دینے والے معاشرے زیادہ خوشحال اور پُرامن ہوتے ہیں۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج کا دن خواتین کی استقامت اور کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے، اور ہر خاتون کو مساوی حقوق اور مواقع تک رسائی دینا ضروری ہے۔صدر نے مزید کہا کہ خواتین کو اب بھی تشدد اور امتیازی سلوک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے حل کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کاروباری اور نجی شعبے میں خواتین کو محفوظ ماحول اور مساوی اجرت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آصف علی زرداری نے بتایا کہ پاکستان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں، جیسے خصوصی عدالتیں اور ہیلپ لائنز کا قیام۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، اور معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کے لیے پالیسیوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئینی دفعات اور بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور اس بات کا عہد کیا کہ ہر خاتون کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔