ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔
ایوان صدر میں صدر آصف زرداری سے پاکستان میں چین کے سفیر چیانگ زئے ڈونگ کی ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور بھارت کے ساتھ موجودہ صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔صدر آصف زرداری نے بھارتی حکومت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ بیانات اور اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے باعث جنوبی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔صدر زرداری نے چین کی حکومت کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں چین کا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ایک مضبوط دوستی کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرتا رہے گا، خاص طور پر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہشات کو پورا کرنے کے لیے۔
چینی سفیر چیانگ زئے ڈونگ نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو "آہنی برادری" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، خاص طور پر مشکل وقت میں۔ انہوں نے پاکستان کے نقطہ نظر کو چین کے ساتھ شیئر کرنے پر صدر آصف زرداری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ بین الاقوامی سیاسی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔