نوجوانوں کو کتاب، کمپیوٹر سے دور کرنے والے غیرملکی قوتوں کے ایجنٹ ،وفاقی وزیر کاتقریب سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ معاشرتی ترقی کیلئے لڑکیوں کی تعلیم بہت ضروری ہے، وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہی ہے، بلوچستان میں سماجی، معاشی ترقی کے لیے تعاون جاری ہے۔گذشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 2013سے 2018کے دوران بلوچستان کی ترقی پر توجہ مرکوز رہی، نوجوانوں کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے، نوجوانوں کو کتاب، کمپیوٹر سے دور کرنے والے غیرملکی قوتوں کے ایجنٹ ہیں، نوجوانوں کو مذموم مقاصد کے لیے اکسانے والے ان کے خیرخواہ نہیں۔احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 350 کلو میٹرطویل شاہراہ کی تعمیر سے گوادر اور کوئٹہ کا رابطہ ممکن بنایا، علاقائی ترقی کے لیے مواصلاتی روابط کو فروغ دیا، دہشت گردی کرنے والے ترقی کا عمل آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے، ترقیاتی منصوبوں کے مخالف صوبے کے عوام کے دشمن ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ معاشرتی ترقی کے لیے لڑکیوں کی تعلیم بہت ضروری ہے، ایک لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم ہوتی ہے۔